پاکستان کرکٹ بورڈ اینڈی پائیکرافٹ کے ہٹانے تک ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلے گا

اسلام247:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک-بھارت میچ کے دوران جانبدار رویہ اختیار کرنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے ہٹانے تک مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے۔ 17 ستمبر کو شیڈول پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میچ کو اینڈی پائیکرافٹ کے ہٹانے سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اسلام آباد میں حکومتی حکام سے مشاورت کر رہے ہیں، جبکہ آئی سی سی کے ساتھ بھی گفت و شنید جاری ہے۔

پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور حتمی اعلان قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ تاہم، پریس کانفرنس کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ پریکٹس سیشن جاری رہے گا۔

تنازع کی تفصیلات

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میچ ریفری نے بھارت سے تعلق رکھنے والے وینیو منیجر کے کہنے پر قومی کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سے ہاتھ ملانے سے روکا۔

ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کو مائیک میوٹ کر کے ہدایات دی گئیں، جو آئی سی سی قوانین کے مطابق ریفری کا اختیار نہیں ہے۔

ایشیا کپ میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھی کھلاڑیوں نے اسپورتسمین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا اور اختتامی تقریب میں بھی پاکستان کے کپتان نے احتجاجاً شرکت نہیں کی۔

پی سی بی کا موقف واضح ہے: اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے ہٹایا جائے، ورنہ پاکستان ٹیم مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔

Scroll to Top