اسلام247:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل قطر پر مزید حملے نہیں کرے گا کیونکہ قطر امریکہ کا قریبی اتحادی ملک ہے۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو قطر کو نشانہ نہیں بنائیں گے، البتہ وہ حماس رہنماؤں کے خلاف دیگر اقدامات کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید اس خبر کی تردید کی جو ویب سائٹ ’ایکسیوس‘ نے شائع کی تھی کہ نیتن یاہو نے انہیں ذاتی طور پر بتایا تھا کہ اسرائیل دوحہ پر حملہ کرنے والا ہے۔ صدر کے مطابق نیتن یاہو نے ایسی کوئی اطلاع نہیں دی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ حملے کے بارے میں کیسے معلوم ہوا تو ٹرمپ نے جواب دیا:
“اسی طرح جیسے آپ کو معلوم ہوا۔”
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی فوج نے انتظامیہ کو میزائل داغے جانے کے بعد مطلع کیا تھا اور دعویٰ کیا گیا کہ ٹرمپ کے پاس اعتراض کرنے کا موقع نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں:قطر پر اسرائیلی حملہ امریکی و مغربی پشت پناہی کا نتیجہ ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
دوسری جانب، دوحہ میں عرب-اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس میں رہنماؤں نے خبردار کیا کہ قطر پر اسرائیلی حملے خطے کے لیے سنگین نتائج کے حامل ہیں۔ اجلاس کے حتمی بیان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے خطے پر نئی حقیقت مسلط کرنے کی کوششیں امن کے امکانات کو کمزور کر رہی ہیں اور یہ اقدامات براہِ راست علاقائی و عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔