اسرائیل عالمی امن کے لیے مسلسل خطرہ ہے، پاکستانی وزیر خارجہ

اسلام247:پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی امن کے لیے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق، اسحاق ڈار نے دوحہ میں ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے وزارتی تیاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطر کے خلاف اسرائیل کی غیر قانونی اور بلاجواز جارحیت ناقابلِ جواز اور افسوسناک ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے کے استحکام، عالمی نظام اور سفارتکاری کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے یاد دلایا کہ صرف گزشتہ ماہ او آئی سی وزرائے خارجہ جدہ میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر غور کے لیے جمع ہوئے تھے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل کا رویہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا قطر میں فضائی حملہ، حماس کے رہنما خلیل الحیہ محفوظ رہے، انکے بیٹے اور معاون شہید

قطر کے ساتھ یکجہتی

اسحاق ڈار نے کہا کہ قطر نے امریکا اور مصر کے ساتھ مل کر فلسطین میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کردار ادا کیا ہے، اور اسرائیل کا حملہ ایک خودمختار ریاست پر حملہ ہونے کے ساتھ ساتھ سفارتکاری پر بھی چوٹ ہے۔
انہوں نے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر قطر روانہ، اسرائیلی جارحیت کےخلاف اظہار یکجہتی کریں گے

اقوام متحدہ اور عالمی اداروں میں پاکستان کا کردار

پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کا ایمرجنسی اجلاس طلب کیا۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں دوحہ پر اسرائیلی حملے پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔

عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی میں شمولیت تاکہ اجتماعی حکمت عملی وضع کی جا سکے۔

اسحاق ڈار کی تجاویز برائے فوری اقدامات

 اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر احتساب

 اسرائیلی توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف عرب-اسلامی ٹاسک فورس کی تشکیل

او آئی سی کی سفارش کے مطابق اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت معطل کی جائے

رکن ممالک کی جانب سے تعزیری اقدامات

سلامتی کونسل سے مستقل جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور قیدیوں کا تبادلہ

غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی اور امدادی کارکنوں کا تحفظ

دو ریاستی حل کے لیے وقت مقررہ مذاکراتی عمل کی بحالی

پاکستان کا عزم

آخر میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت، انصاف اور قیامِ امن کے لیے او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

Scroll to Top