قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس آج دوحہ میں

اسلام247:قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج دوحہ میں ہوگا، جس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق اجلاس میں ممکنہ طور پر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی قرارداد کی منظوری بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی قطر میں اسلامی تعاون تنظیم اور سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے

او آئی سی کا سربراہی اجلاس کل 15 ستمبر کو شیڈول ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ وزیراعظم قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف اظہارِ یکجہتی کے لیے پہلے ہی ایک روزہ دورہ کرچکے ہیں۔

دوسری جانب قطر کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی کانفرنس میں اسرائیل کے قطر پر حملے سے متعلق قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا۔

قطر نیوز ایجنسی (قنا) کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے بتایا کہ سربراہی اجلاس میں اسرائیل کے ریاستِ قطر پر حملے کے بارے میں قرارداد کا مسودہ آج اتوار کو وزرائے خارجہ کے تیاری اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

وزارتِ خارجہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ دوحہ میں ایک غیر معمولی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس منعقد ہوگا تاکہ ریاستِ قطر پر اسرائیلی حملے پر بات کی جا سکے، جس میں حماس کے اعلیٰ رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔

ماجد بن محمد الانصاری نے زور دیا کہ اس وقت عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی اہمیت اس لیے بڑھ گئی ہے کہ یہ بزدلانہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ مسلم دنیا کی وسیع تر یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top