بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ چار دہشت گرد ہلاک، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جہاں بھارتی پراکسی ’ فتنۃ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
آپریشن کے دوران اپنی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
علاقے میں کسی بھی دیگر دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں 9 اور 10 ستمبر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمند کے علاقے گلونو میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 14 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے تھے۔
ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ٹھکانے لگا دیا تھا۔