شہباز شریف کا اسرائیل کے دوحہ پر فضائی حملوں پر شدید اظہار مذمت، قطر سے یکجہتی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے دوحہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ اسرائیل نے گھناؤنے اور غیرقانونی اقدام سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، حملے سے معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔

وزیراعظم نے قطر کے امیر، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ مشکل گھڑی میں ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے اس جارحیت کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے، قطر کی علاقائی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی گھناؤنے اقدام کے ذریعے علاقائی امن و استحکام متاثر ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے قطر میں فضائی حملہ کر کے سینئر رہنما خلیل الحیہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے اعلیٰ اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا کہ قطر میں حماس کی قیادت پر حملہ کیا گیا ہے، جن میں خلیل الحیہ اور جابرین شامل ہیں۔

ادھر، حماس کے ایک ذرائع نے اسرائیل کے دوحہ میں حملوں کے حوالے سے قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کو بتایا کہ حملے کا نشانہ حماس کی مذاکراتی ٹیم تھی۔

یہ حملہ اُس وقت ہوا جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تازہ ترین جنگ بندی کی تجویز پر غور کرنے کے لیے ملاقات کر رہے تھے۔

Scroll to Top