اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدے معطل کیے جائیں، ہسپانوی نائب وزیراعظم

ہسپانوی نائب وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدات کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور یورپی یونین اسرائیل سے اسلحے کی خریداری بند کرے۔

انہوں نے اسرائیل کے ساتھ کاروباری روابط کو نسل کشی پر مبنی معیشت کی حمایت قرار دیا اور کہا کہ ایسی کسی بھی شراکت داری کو جاری رکھنا اخلاقی دیوالیہ پن کے مترادف ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام دوطرفہ معاہدات کو فوری طور پر معطل کیا جانا چاہیے، اور یورپی یونین کو چاہیے کہ اسرائیلی ہتھیاروں کی خرید بند کرے۔

اسی تناظر میں اسپین کے وزیر خارجہ خوزے مانوئل آلبارس نے بھی گذشتہ ہفتے اسرائیل کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یورپی یونین کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی نئی لہر کو روکا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔ اسرائیل کی جارحانہ کاروائیاں اور فلسطینی علاقوں میں قحط کی صورت حال ناقابل قبول ہے۔

خوسے آلبارس نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ اسپین کی طرح آگے بڑھے اور ریاست فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے، کیونکہ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جائے۔

Scroll to Top