عظمیٰ خان نےسابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف درخواست دائر کردی

عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔

درخواست تھانہ صدر بیرونی پولیس نے وصول کر لی ہے، جس میں سابق سپرنٹنڈنٹ جیل پر انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی اور عمران خان کو بروقت طبی سہولت فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل انتظامیہ نے بنیادی انسانی اور قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا اور زیر حراست شخص کو ضروری طبی امداد فراہم کرنے میں غفلت برتی۔

دوسری جانب اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات کی، جس میں بانی پی ٹی آئی کے زیرالتواء مقدمات جلد مقرر کرنے کی درخواست کی گئی۔

ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی کی صحت کا معاملہ سیاسی نہیں بلکہ انسانی نوعیت کا ہے، اور ان کے ذاتی معالج اور اہل خانہ کو رسائی دی جائے۔

ذرائع کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے بیرسٹر گوہر کو جلد سماعت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی، اور درخواست موصول ہونے پر مقدمات کو جلد مقرر کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Scroll to Top