پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، شاندانہ گلزار کا علیمہ خان کے انٹرویو پر سخت ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات میں شدت  دکھائی دے رہی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے حالیہ انٹرویو پر پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

شاندانہ گلزار نے پارٹی کے پارلیمانی واٹس ایپ گروپ میں بغیر کسی کا نام لیے لکھا کہ ایسے بیانات دیکھنے کو مل رہے ہیں جن کا سبب صدمہ، بڑھاپا اور شدید ذہنی دباؤ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس عمر کی خواتین کو گھر پر پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہیے۔

شاندانہ گلزار نے پارٹی کی توجہ 8 فروری کی جانب دلائی اور کہا کہ اسی دن علیمہ خان کی بسنت کی ویڈیو بھی موجود ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف کارروائی کے حوالے سے باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی نے ان کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کیا اور علی امین گنڈا پور سے گزارش کی کہ اس وقت پارٹی اندرونی اختلافات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈا پور نے ویڈیو بیان میں معذرت کی اور بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔ چیئرمین نے واضح کیاکہ پارٹی کی ترجیح صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ہے۔

Scroll to Top