آج بنوں ضلع میں فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کی گئی، جس میں خوارج اور ایک خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور کو بروقت روکا گیا، جس سے بنوں شہر میں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ تاہم، خوارج نے مایوسی میں بارودی مواد کے ساتھ اپنی گاڑی فورسز کی گاڑیوں سے ٹکرانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔
ضلع مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی عمر 43 سال جبکہ 28 سالہ سپاہی کرامت شاہ کا تعلق ضلع پشاور سے تھا۔