اٹلی میں برفانی تودہ گرنے کا خوفناک منظر، درجنوں اسکیئرز بال بال بچ گئے

اٹلی کے مشہور اسکی ریزورٹ کورمیئرکے قریب اچانک ایک بڑا برفانی تودہ گر پڑا جس کی زد میں درجنوں اسکیئرز آتے آتے بچ گئے۔ واقعے کی ڈرامائی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  واقعے میں پہاڑی ڈھلوان سے برف اور برفانی تودے کا بڑا حصہ تیزی سے نیچے آیا، یہ حادثہ زیروٹا چیئرلفٹ کے قریب پیش آیا جہاں چیئرلفٹ کے پاس اسکیئرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی برفانی تودہ رفتار پکڑتا ہے، اسکیئرز گھبرا کر محفوظ مقام کی طرف بھاگنے لگتے ہیں جبکہ برف کا بادل پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند روز قبل اسی ریزورٹ میں ایک اور برفانی تودے کے نتیجے میں دو اسکیئرز ہلاک ہو گئے تھے۔

 اطالوی الپائن ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں متعدد اہلکاروں، سرچ اینڈ ریسکیو کتوں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔

حکام نے حالیہ برفباری کے بعد پہاڑی علاقوں میں برفانی تودوں کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر رکھا ہے اور اسکیئرز کو آف پسٹ (غیر محفوظ راستوں) پر جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یورپ کے الپائن ممالک میں ہر سال موسم سرما کے دوران زیادہ تر مہلک حادثات غیر محفوظ اسکی علاقوں میں پیش آتے ہیں۔

Scroll to Top