قومی شاہراہ پر خیرپور ضلع کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب مسافر کوچ اور بھاری کنکریٹ گارڈر لے جانے والے ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 9 مسافر، ڈرائیور اور کنڈکٹر شامل ہیں۔
حادثے کے وقت کوچ پنجاب سے کراچی جارہی تھی۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں خیرپور سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ تقریباً 10 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔ آئی جی سندھ نے اطراف کے علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کی اسپتال منتقلی کے لیے راستے کلیئر رکھنے کا بھی حکم دیا۔
ایم 9 موٹروے پر بھی المناک حادثہ
ادھر جمعہ کے روز ایم 9 موٹروے پر کاٹھور کے قریب پیش آنے والے ایک اور المناک حادثے میں کم از کم 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر، بس اور دیگر کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ تصادم کی شدت کے باعث کئی مسافر پل سے نیچے جاگرے۔