ایران کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں، چین

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کو امید ہے کہ ایرانی حکومت اور عوام موجودہ مشکلات پر قابو پا لیں گے اور ملک میں قومی استحکام برقرار رکھیں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ بیجنگ ایران کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

لین جیان نے کہا کہ ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی انصاف اور منصفانہ عالمی نظام کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین شراکت داری پر مبنی خارجہ پالیسی کا حامی ہے، اتحاد بنانے پر یقین نہیں رکھتا۔ انہوں نے ایران اور چین کے درمیان 2021 میں طے پانے والے 25 سالہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں، نہ کہ کسی فوجی یا سیاسی اتحاد پر۔

Scroll to Top