امریکا کے ڈیٹا مانیٹرنگ ادارے ایکلِڈ کی تازہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران اسرائیل نے دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ بیرونِ ملک فوجی کارروائیاں کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم جنوری سے 5 دسمبر 2025 تک اسرائیل نے کم از کم 10 ہزار 631 فوجی حملے کیے، جو ایک سال میں کسی بھی ریاست کی جانب سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان حملوں کا دائرہ فلسطین، ایران، لبنان، شام، یمن اور قطر تک پھیلا رہا۔
ایکلِڈ کے مطابق سب سے زیادہ کارروائیاں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ہوئیں، جہاں مجموعی طور پر 8 ہزار 332 حملے ریکارڈ کیے گئے۔ صرف غزہ میں 7 ہزار 24 اور مغربی کنارے میں 1 ہزار 308 حملے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں غزہ میں 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور کم از کم 62 ہزار زخمی ہوئے۔
لبنان میں اسرائیل کی جانب سے 1 ہزار 653 حملے کیے گئے، جو اوسطاً روزانہ پانچ حملوں کے برابر ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان، وادی بقاع اور بیروت کے مضافاتی علاقوں میں حملے جاری رہے۔