عمران خان اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ چیلنج کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ چیلنج کرنے کے لیے بانی تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں وکیل خالد یوسف چوہدری کے توسط سے دائر کی گئی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی اپیل پر ڈائری نمبر24561جبکہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر ڈائری نمبر24560 لگایا ہے۔
عدالت میں دائراپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انعام اللہ شاہ جس کو بر طرف کیا جا چکا تھا عدالت نے اس کے بیان پر انحصار کیا ، عدالت نے وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار کیا جو نہیں کیا جا سکتا تھا ,استغاثہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی ۔
عدالت میں دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایک ہی جرم میں متعدد مرتبہ سزا نہیں دی جا سکتی ، اسپیشل سینٹرل عدالت کو اختیار سماعت نہیں تھا ۔
اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا ، بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے نے اپنے پاس رکھا ، مقدمہ بغیر تفتیش قائم کیا گیا،سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، درخواست گزار سرکاری ملازم کی تعریف میں نہیں آتا ۔
درخواست میں اپیلوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔