اسرائیل! فلسطینیوں کی صومالی لینڈ جبری نقل مکانی چاہتا ہے، عرب لیگ

عرب لیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ صومالی لینڈ کی شمالی بندرگاہ پر صیہونی فوجی اڈے کی تعمیر باطل، غیر قانونی اور قابل مذمت ہے۔ اس اجلاس میں عرب ممالک نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی کسی بھی سازش کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ شمال مغربی صومالی ریاست، وفاقی جمہوریہ صومالیہ کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے اور اسرائیل کی جانب سے ایک الگ ملک کی حیثیت سے اس کو تسلیم کرنا، عالمی امن و سلامتی کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام عرب قومی سلامتی پر حملہ ہے۔ اس صیہونی فیصلے کے خلاف قانونی، اقتصادی، سیاسی اور سفارتی اقدامات کرنے چاہئیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی چینل 14 نے خبر دی کہ مکمل سفارتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون پر مشتمل اسرائیل کا یہ فیصلہ، ابراہیم معاہدے کی طرز پر تیار کیا گیا۔ جس کے بدلے میں صومالی لینڈ، غزہ کے باشندوں کو آباد کرے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ جمعے کو بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے صومالی لینڈ کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور اس اقدام کو تاریخی قرار دیا۔
Scroll to Top