برطانیہ، کینیڈا، فرانس سمیت دنیا کے 14 ممالک نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی یہودی بستیوں کے قیام کی منظوری کی شدید مذمت کی ہے۔ ان ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 19 نئی یہودی بستیوں کی منظوری دی، جس کا اعلان اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ بیزلیل سموترچ نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنا ہے۔
اس فیصلے کے بعد برطانیہ، فرانس، جرمنی، اسپین، کینیڈا، جاپان، نیدرلینڈز، ناروے اور دیگر ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور خطے میں عدم استحکام کو بڑھا سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسی یکطرفہ کارروائیاں غزہ میں جاری نازک جنگ بندی کو بھی خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔
مذمتی بیان میں ان ممالک نے دو ریاستی حل کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کو دو آزاد اور جمہوری ریاستوں کی صورت میں امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ رہنا چاہیے۔