دورہ عراق :صدر مملکت آصف علی زرداری کی کاظمین میں روضوں پر حاضری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں مقامات مقدسہ پر حاضری دی اور امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

صدر مملکت نے بغداد میں شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور دعا مانگی۔

بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے کاظمیہ مقدسہ میں امامِ موسیٰ الکاظم اور امامِ محمد التقی الجواد علیہما السلام کے روضوں پر حاضری دی۔ روضۂ کاظمیہ میں صدر مملکت نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمی امن اور اسلامی ممالک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور ائمۂ اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو علم، صبر، حکمت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا دائمی سرچشمہ قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے بغداد میں امام ابو حنیفہ کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اسلامی فقہ، علم اور رواداری کے فروغ میں امام ابو حنیفہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دورے کے دوران صدر مملکت نے مختلف مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے ملاقاتیں بھی کیں اور زیاراتِ مقدسہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ دورہ صدر مملکت کے بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ورثے سے وابستگی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top