ہندوستان؛ مسلم ڈاکٹر کی نقاب کشائی پر وزیر اعظم کی خاموشی کے خلاف کانگریس کا احتجاج

کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے سربراہ پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ نتیش کمار کے اقدام پر بھارت کے علاوہ دوسرے ملکوں میں بھی اعتراض کیا گیا لیکن وزیر اعظم اب تک خاموش ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دیتے ہیں وہ خود ایک پڑھی لکھی بیٹی کا حجاب کھینچےجانے کے توہین آمیز اقدام پر خاموش ہیں ۔

پون کھیڑا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو اپنی اس خاموشی کی وجہ اور اسی کے ساتھ یہ بھی بتانا چاہئے کہ بیٹیاں کس لباس میں گھر سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو ان کے اس توہین آمیز اقدام پر بی جے پی لیڈران تالی بجارہے تھے جو شرمناک ہے۔

پون کھیڑا نے کہا کہ پورے مسئلے کو ہندو مسلم بناکر اصل مسئلے سے توجہ ہٹادی گئی جو ملک کی بیٹیوں ، بہوؤں اور بہنوں کی عزت اور سلامتی اور خواتین کے تحفظ کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی خواتین گھر سے باہر نکلیں یہ نہ نکلیں؟ اور اگر نکلیں تو اس کے لباس کے انتخاب کا حق کس کو ہے؟

Scroll to Top