داعش خراسان کا ترجمان اور تنظيم کے آفیشل میڈیا وِنگ الاعظام فاؤنڈیشن کے بانی دہشتگرد خارجی سلطان عزیز اعظام کو پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے گرفتار کر لیا۔
الاعظام فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی اور پراپیگنڈا سرگرمیوں کی مرکزی تنظیم سمجھی جاتی ہے،خارجی عزیز اعظام کی گرفتاری کے بعد میڈیا سرگرمیاں بھی معطل ہو گئیں،حالیہ دنوں میں پاکستانی حکام نے داعش خراسان کے خلاف کئی ہائی پروفائل گرفتاریاں کی ہیں،ہونے والی گرفتاریوں میں تنظیم کے ترجمان سلطان عزیز اعظام کی 16 مئی 2025 کو کی گئی گرفتاری بھی شامل ہے۔
یہ بات اقوامِ متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی سولہویں رپورٹ میں سامنے آئی،رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کاروائی سے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کوعالمی سطح پر کمزور کر دیا گیا ہے،کئی منصوبہ بند حملے ناکام بنا دیے گئے جبکہ تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں کمی آئی ہے،اہم کمانڈرز و نظریاتی رہنماؤں کو نیوٹرلائز کر دیا گیا ہے۔
مئی 2025 میں سلطان عزیز اعظام اور سینئر رہنما ابو یاسر الترکی کی گرفتاری جیسے اقدامات کے نتیجے میں تنظیم کی آپریشنل طاقت میں نمایاں کمی آئی ہے،ان کارروائیوں کے باعث “وائس آف خراسان” جیسے اہم پراپیگنڈا پلیٹ فورمز بھی معطل ہو گئے ہیں۔