کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والے پہلے بین الاقوامی حسن قرآت کے مقابلے کی تقریب تقسیم انعامات انجام پائی-
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے دنیا بھر سے پاکستان آئے ہوئے قرّاء حضرات کو پاکستان میں خوش آمدید کہا-
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقابلہ قرآت، امت کے اتحاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کا مظہر ہے، نوجوان قرآن کریم کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم امت مسلمہ کا روحانی ورثہ ہے، قرآن ہمیں امن، یکجہتی ، رحمت اور عدل کا درس دیتا ہے، ملک کے نظام کو چلانے کے لیے قرآن سے سبق لینا ضروری ہے۔
مقابلہ حسن قرآت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو پچاس لاکھ روپے کا انعام دیا گیا جبکہ دوسری پوزیشن والے کو تیس لاکھ اور تیسرے نمبر والے قاری کو بیس لاکھ انعام دیا گیا۔
ملائیشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے مقابلہ حسن قرآت میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ایران کے قاری عدنان نے دوسری اور پاکستانی قاری عبد الرشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔