عراقی سیاسی تجزیہ کار اور مبصر”صباح العکیلی” نے اس بات كی تصدیق کی کہ کوآرڈینیشن فرنٹ کے رہنماء اس بات کے خواہشمند ہیں کہ اگلے مرحلے کے لیے ایک ایسے شخص کو وزیراعظم نامزد کیا جائے جو کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ نہ ہو۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دو شخصیات کے بارے میں ایسی یقینی اطلاعات ہیں جو ضروری اہلیت رکھتے ہیں، جن کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور وہ کوآرڈینیشن فرنٹ کے اندر مقبول بھی ہیں۔ صباح العکیلی نے ان خیالات کا اظہار “المعلومہ” نیوز ایجنسی کے ساتھ بات چیت میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوآرڈینیشن فرنٹ والی سیاسی قوتیں اس بات پر متفق ہیں کہ حکومت کی تشکیل کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب کا عمل کوآرڈینیشن فرنٹ کی جاب سے تشکیل شدہ کمیٹی کے ذریعے کیا جائے گا اور پھر نامزد امیدوار کا اعلان مذکورہ فرنٹ کی تائید کے بعد کیا جائے گا۔
صباح العکیلی نے کہا کہ کوآرڈینیشن فرنٹ کے رہنماؤں نے وزیر اعظم کے امیدوار کے لیے مخصوص شرائط طے کی ہیں۔ ان میں دوسری مدت کے لیے انتخاب نہ لڑنا اور وزارت عظمیٰ کے دورانیے میں کسی نئی جماعت کا تشکیل نہ دینا شامل ہے تاکہ شیاع السوڈانی حکومت کے تجربے کو دوبارہ نہ دُہرایا جائے۔ نیز یہ بھی ضروری ہے کہ آنے والی حکومت کا پروگرام، کوآرڈینیشن فرنٹ کی نگرانی میں ہو۔ دوسری جانب افق سٹڈی سنٹر کے سربراہ “جمعة العطوانی” نے کہا کہ کوآرڈینیشن فرنٹ کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے لیے مقرر کردہ شرائط، ماضی کی بجائے مستقبل میں نامزد امیدواروں پر لاگو ہوں گی۔ ان شرائط میں وزات عظمیٰ کے دوران کوئی سیاسی وابستگی نہ رکھنا اور اگلے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا عہد شامل ہے۔ لیکن چار سال گزرنے کے بعد وہ دوبارہ الیکشن میں حصہ لے سکتا ہے۔