وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس سال کے نوبل امن انعام حاصل کرنے والی خاتون کی جانب سے مجرم صیہونی حکام کی تعریف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نوبل پیس پرائز بہت عرصے سے اپنا اعتبار کھو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو اعتبار اس انعام کو حاصل ہونا چاہیے تھا، وہ اب ختم ہوچکا ہے۔
وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ اس تباہی کی وجہ یہ ہے کہ نوبل امن انعام کو ہمیشہ ان غیرمغربی ممالک کے خلاف حربے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جنہیں مغربی دنیا “دشمن” سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد “امن” انعام اس سال ایسے شخص کو دیا گیا ہے جو اپنے ہی ملک کے خلاف جنگ کی خواہاں ہیں اور ساتھ ساتھ فلسطین میں نسل کشی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سراہتی ہیں اور اسی لیے [نوبل امن انعام کا اعتبار ختم ہونے پر مبنی] اس تبصرے کو تقویت ملتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سال کا نوبل امن انعام وینزویلا کی ماریا کورینا ماچادو کو دیا گیا ہے جنہوں نے یہ انعام جیتنے کے محض چند دن کے بعد ٹرمپ سے وینزویلا پر حملہ کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے اپنا یہ انعام ٹرمپ اور نتن یاہو کو پیش کرنے کی بھی خواہش ظاہر کرتے ہوئے فلسطین، لبنان اور یمن میں مجرم پیشہ امریکی اور صیہونی لیڈروں کے سفاکانہ اقدامات کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔