حماس نے مزید 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دی

حماس نے مزید 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہیں، جس سے اب تک واپس کی جانے والی لاشوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے، مزید لاشیں بھی آج اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی، غزہ میں امدادی سامان کے ٹرک بھی داخل ہوگئے ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیل نے دھمکی دی کہ وہ غزہ میں صرف طے شدہ امدادی ٹرکوں کی نصف تعداد کو داخل ہونے کی اجازت دے گا اور رفح کراسنگ کو کھولنے میں تاخیر کرے گا، اس کی وجہ اس نے قیدیوں کی لاشوں کی سست رفتاری سے واپسی کو قرار دیا، تاہم بعد ازاں وہ اس دھمکی سے پسپا ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق تقریباً 20 لاشیں اب بھی غزہ میں موجود ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دے، اور خبردار کیا کہ ’اگر وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے تو ہم انہیں غیر مسلح کر دیں گے، اور یہ عمل تیزی سے اور ممکنہ طور پر پرتشدد طریقے سے ہوگا‘۔

اسرائیل کی غزہ پر مسلط کردہ جنگ میں کم از کم 67 ہزار 913 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 134 زخمی ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں اسرائیل میں ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے تھے اور تقریباً 200 افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا، تاہم گزشتہ ہفتے سے ہونے والی جنگ بندی اب تک برقرار ہے۔

Scroll to Top