پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورکزئی حملے میں 2 افسران سمیت 11 جوانوں کی شہادت میں ملوث تمام 30 دہشتگرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں پیش آنے والے ہولناک واقعے میں ملوث خوارج کے خلاف مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اس واقعے میں وطن کے بہادر سپوت، لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت 11 جوان شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں کی جانے والی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 30 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب آپریشن نہ صرف اس سفاکانہ واقعے کا بدلہ ہے بلکہ اس کے اصل منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچا دیا گیا ہے۔
علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں۔