اسلام247: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد اقتصادی مذاکرات کی قیادت کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، پاک–سعودیہ دفاعی معاہدے کے بعد اقتصادی مذاکرات کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے شریک چیئرمین وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ہوں گے۔ کمیٹی پاک–سعودی اکنامک فریم ورک کے تحت مذاکرات کی نگرانی کرے گی۔
اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کے بعد کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں توانائی، تجارت، صنعت، مواصلات اور زراعت کے وزراء شامل ہیں، جبکہ اسٹیٹ بینک، فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کے نمائندے بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کو اقتصادی سفارت کاری میں سول و فوجی رابطوں کے لیے کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان توانائی، ماحولیات اور سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کے ساتھ خفیہ معدنی معاہدے؟ پی ٹی آئی کا حکومت سے جواب طلب
مزید بتایا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا دائرہ کار دفاع اور توانائی سے بڑھ کر ماحولیاتی منصوبوں تک وسعت اختیار کرے گا۔ دونوں ملکوں نے امداد کے بجائے تجارت کے فروغ پر توجہ دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ پاکستان معاشی خودکفالت کی منزل کی جانب بڑھ سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں میں وسیع تر شراکت داری پاکستان کے لیے سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی، جبکہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ری فائنری، قابلِ تجدید توانائی اور منصوبہ جاتی ترقی میں حصہ لینے کی پیشکش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ معاہدے کے تحت یہ طے پایا تھا کہ کسی بھی ایک ملک پر جارحیت کو دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جو دونوں ممالک کے امن، استحکام اور خطے کی سلامتی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و اقتصادی تعاون کو نئی جہت دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفادات کے تحفظ اور علاقائی توازن کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھتا ہے۔