یمنی میزائل حملے میں مقبوضہ بیت المقدس کے حساس اہداف نشانہ بنے

اسلام247 : یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت اور غزہ کے عوام کی نسل کشی کے جواب میں، یمنی مسلح افواج کے میزائلی یونٹ نے اپنی مثال آپ فوجی کارروائی میں مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے میں متعدد حساس اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ کارروائی دو سپرسونک بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے انجام دی گئی، جن میں کئی وارہیڈ نصب کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

اسرائیل کے ٹی وی چینل بارہ نے رپورٹ دی ہے کہ اس حملے کے بعد بن گوریئن ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
صیہونی ویب سائٹ واللا کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے باشندوں نے تصدیق کی ہے کہ یمن سے صیہونی علاقوں پر داغے گئے میزائلوں کے دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

یمنی ترجمان نے مزید کہا کہ ان حملوں کا مقصد فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب دینا ہے اور یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی جب تک غزہ پر مظالم بند نہیں کیے جاتے۔

Scroll to Top