اسلام247 : اسرائیل کا غزہ میں طویل قبضے کا منصوبہ، تین اسٹریٹجک مقامات پر مستقل موجودگی برقرار رکھنے کا انکشاف
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی فوج غزہ کی پٹی کے اندر اور اطراف کے تین اہم اسٹریٹجک مقامات پر طویل عرصے تک قابض رہنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ منصوبہ اس وقت بھی نافذ العمل رہے گا جب قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا جائے گا اور امریکی منصوبے کے تحت بتدریج انخلا شروع ہو جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے امریکہ کو باضابطہ پیغام بھیجا ہے کہ اس کی فوج غزہ کے اندر بفر زون، مصر کی سرحد کے قریب فلاڈلفیا کوریڈور اور ٹیلہ 70 (تلة المنطار) پر اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج کے غزہ پر وسیع حملے، شہری علاقوں پر بمباری اور بنیادی ڈھانچہ تباہ
خیال رہے کہ ٹیلہ 70 مشرقی غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں واقع ہے اور سطحِ سمندر سے 70 میٹر بلند ہے، جہاں سے غزہ شہر، جبالیہ اور شمالی غزہ کے کئی اہم علاقے براہِ راست نظر آتے ہیں۔
صیہونی میڈیا کے مطابق، یہ مقامات تل ابیب کے لیے اسٹریٹجک طور پر نہایت اہمیت رکھتے ہیں اور اسرائیلی فوج کو میدانی برتری فراہم کرتے ہیں۔