اسلام247 : استنبول ایئرپورٹ پر صمود فلوٹیلا کے 137 کارکنوں کا والہانہ استقبال
غزہ کا محاصرہ توڑنے اور انسانی امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے کاروانِ صمود کے ۱۳۷ سرگرم کارکنوں کو صیہونی فورسز کی حراست سے رہائی کے بعد استنبول ایئرپورٹ پہنچنے پر پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ترکش ایئرلائنز کی خصوصی پرواز، جو اسرائیل کے زیر قبضہ ایلات کے رامون ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی، ہفتے کی شب استنبول ایئرپورٹ پر اتری۔
طیارے میں موجود ۱۳۷ کارکنوں میں ۳۶ ترک شہری اور ۲۳ ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے کارکن شامل تھے، جو ناوگانِ صمود (فلوٹیلا) کے رکن تھے۔ ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے سرکاری حکام، عوامی نمائندے، اور بڑی تعداد میں عوام جمع تھے، جنہوں نے نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے فلسطینی پرچم لہرائے۔
یاد رہے کہ صمود فلوٹیلا انسانی ہمدردی کے تحت غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور امدادی سامان پہنچانے کے مقصد سے روانہ ہوئی تھی، مگر اسرائیلی بحری افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر حملہ کر کے تمام کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے خلاف عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔