پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت

اسلام247 : وزیراعظم شہباز شریف کی غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت، بزدلانہ اقدام قرار

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’بزدلانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 40 بحری جہازوں پر مشتمل صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے، جس پر 44 ممالک کے 450 سے زائد انسانی ہمدردی کے کارکن سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام افراد کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں جنہیں اسرائیلی افواج نے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا صمود فلوٹیلا پر حملہ، گریٹا تھنبرگ اور مشتاق احمد سمیت 200 کارکن گرفتار +ویڈیو

وزیراعظم نے کہا کہ ان کارکنوں کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ بے سہارا فلسطینی عوام کے لیے امداد لے کر جا رہے تھے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اس بربریت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ امن کو موقع دیا جانا چاہیے اور انسانی امداد ان ضرورت مندوں تک پہنچنی چاہیے۔

Scroll to Top