اسلام247 : اسرائیلی فوج کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ، گریٹا تھنبرگ اور سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 200 کارکن گرفتار
اسرائیلی فوج نے غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کر کے سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 37 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 کارکنوں کو گرفتار کر لیا، جس کے بعد دنیا بھر میں احتجاج شروع ہوگیا ہے۔
گرفتاریوں کے باوجود گلوبل صمود فلوٹیلا کے 30 جہاز مشن کی تکمیل کے لیے غزہ کی جانب رواں دواں ہیں۔ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان گلوبل صمود فلوٹیلا میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے، انہیں اسرائیلی افواج نے جہاز پر چڑھائی کے دوران حراست میں لیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پاک-فلسطین فورم نے لکھا کہ سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیل نے گرفتار کر لیا ہے۔ گروپ نے مزید کہا کہ صرف ایک جہاز بچ نکلنے میں کامیاب ہوا، یعنی مبصر کشتی، جس کی ذمہ داری معلومات اکٹھی کرنا اور واپس جانا تھا۔ ہمارے مندوب سید عذیر نظامی مبصر کشتی پر سوار تھے اور انہوں نے سینیٹر مشتاق احمد خان کے جہاز پر اسرائیلی کارروائی کی اطلاع دی۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی بحریہ نے گریٹا تونبرگ کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا +ویڈیو
سینتالیس(37) ممالک کے کارکن گرفتار، مشن جاری
ترجمان گلوبل صمود فلوٹیلا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج نے فلوٹیلا میں شامل 37 ممالک کے 200 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
گلوبل صمود فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابو کشیک نے انسٹاگرام پر ایک ’مشن اپ ڈیٹ‘ جاری کی، جس میں تصدیق کی گئی کہ اسرائیلی افواج نے سمندر میں 13 کشتیوں کو روک لیا ہے۔
ابو کشیک نے بتایا کہ ان کشتیوں میں 201 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں اسپین کے 30 شرکا، اٹلی کے 22، ترکی کے 21 اور ملائیشیا کے 12 شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کے باوجود گروپ کا مشن جاری ہے، اور جہاز اب بھی بحیرۂ روم کے راستے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے رواں دواں ہیں۔
ابوکشیک نے کہا کہ وہ پُرعزم اور پُرجوش ہیں، اور اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاکہ صبح سویرے محاصرہ توڑ کر اکٹھے پہنچ سکیں۔
دنیا بھر میں احتجاج
دوسری جانب اسرائیل کی فلوٹیلا پر حملے اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج شروع ہوگیا۔ اٹلی، یونان، اسپین، برازیل، کولمبیا، ارجنٹینا سمیت دیگر ممالک میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور دھرنے دیے۔
یہ احتجاج گلوبل صمود فلوٹیلا کی اپیل پر شروع کیا گیا۔ استنبول میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔
پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن دو بجے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج کی کال دی گئی ہے، جو پاک-فلسطین فورم نے دی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ وقت گھر سے نکلنے کا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے فلوٹیلا پر حملہ کر کے گریٹا تھنبرگ سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔ الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی وزارت خارجہ نے ایکس پر کہا کہ ’صمود فلوٹیلا کے کئی جہاز بحفاظت روک دیے گئے ہیں، اور مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہ پر منتقل کیا جا رہا ہے۔‘
وزارت نے مزید کہا کہ ’گریٹا تھنبرگ اور اس کے دوست محفوظ اور صحت مند ہیں‘، ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں گریٹا کو لے جایا جا رہا تھا۔
صمود انتظامیہ نے تصدیق کی کہ صہیونی فوج نے قافلے کے جہازوں کو گھیر لیا اور ان پر نصب کیمرے بھی بند کر دیے۔ رائٹرز کے مطابق، فلوٹیلا کے منتظمین نے کہا تھا کہ اسرائیلی نیوی ایک گھنٹے کے اندر درجنوں کشتیوں کو روک سکتی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، فلوٹیلا کے ایک جہاز ’الما‘ سے براہِ راست مناظر میں دکھایا گیا کہ اراکین مداخلت کے انتظار میں ہیں اور لائف جیکٹس پہنے اپنی پوزیشن سنبھال رہے ہیں۔ فلوٹیلا اسٹیئرنگ کمیٹی کی رکن یاسمین آقار نے کہا کہ اسرائیلی بحری جہاز نے الما کو گھیرے میں لے لیا ہے، ہم روکے جانے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج نے فلوٹیلا جہاز اغوا کر لیا، الجزیرہ نمائندے کا سامان بھی ضبط