جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے غزہ پر مؤقف کو مسترد کردیا۔

اسلام247 : امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم پاکستان کے غزہ اور ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے اس بیان کو کسی صورت قبول نہیں کرتے اور سوال اٹھایا کہ “پاکستانی قوم کی مرضی کے بغیر کوئی بھی شخصیت کیسے ڈونلڈ ٹرمپ کو رضا مندی دے سکتی ہے؟”۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس قوم کی سرزمین پر قبضہ ہو وہ اس کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے کا حق رکھتی ہے اور عالمی طاقتیں زور زبردستی سے کسی قوم کا یہ حق ختم نہیں کر سکتیں۔

امیر جماعتِ اسلامی نے مزید کہا کہ امن کے نام پر ایسی کوئی دستاویز جسے “66 ہزار فلسطینیوں کی لاشوں پر پیش کیا جا رہا ہے” اُس کی تحسین کرنا ظالموں کے ساتھ کھڑے ہونے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قیادت کو قوم کی خواہش اور اسلامی اصولوں کو مقدم رکھنا چاہیے۔

Scroll to Top