پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ؛ 10 افراد جاں بحق، 32 زخمی

اسلام247 : کوئٹہ (ویب ڈیسک) — صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے خودکش حملہ کردیا۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے، جب کہ خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق، سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔ دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن ایف سی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس کارروائی میں دو ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق، زخمیوں کو سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جن میں سے پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تاہم تمام دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق، دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔

سوشل میڈیا اور نیوز فوٹیجز میں دھماکے کے بعد دور سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت ردعمل دے کر دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، بلوچستان کو پرامن بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملہ ناکام بنانے پر ایف سی کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے مذموم عزائم ناکام بنا دیے اور دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top