اسلام247 : کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) — ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں برطانیہ میں فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کے لیے اشتہارات سے پاک سبسکرپشن متعارف کرائے گی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی کے اعلان کے تحت اشتہارات سے پاک سروسز استعمال کرنے والے صارفین ماہانہ فیس ادا کریں گے، تاہم اگر کوئی صارف اشتہارات کے ساتھ پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھنا چاہے تو ان سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
کمپنی کی نئی پالیسی کے تحت صارفین کے پاس دو اختیارات ہوں گے: یا تو وہ ماہانہ فیس ادا کر کے اشتہارات کے بغیر سروس استعمال کریں، یا پھر مفت سروس جاری رکھیں جس میں ٹارگٹڈ اشتہارات دکھائے جائیں گے۔
یہ ماڈل یورپی ریگولیٹرز کی بڑھتی ہوئی جانچ پڑتال کے جواب میں پیش کیا جا رہا ہے، اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں یہ دیگر ممالک میں بھی متعارف ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اوپن اے آئی کا نیا فیچر “پلس”، چیٹ جی پی ٹی اب صارفین کے سوتے وقت بھی کرے گا کام
میٹا کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام پر سبسکرپشن کی ماہانہ فیس ویب ورژن پر تقریباً 3 پاؤنڈز، جبکہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر 3.99 پاؤنڈز ہوگی۔
یہ پالیسی یورپی یونین میں متعارف ماڈل کی طرز پر ہے جو ڈیٹا پرائیویسی قوانین کی تعمیل کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ یورپی یونین کی طرح برطانیہ کے ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے بھی پلیٹ فارمز کے ذاتی معلومات کو اشتہارات کے لیے استعمال کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اشتہارات سے پاک سبسکرپشن صارفین کو اپنے آن لائن تجربے پر زیادہ کنٹرول فراہم کرے گی، جبکہ مفت سروسز کو اشتہارات کے ذریعے چلانے کی صلاحیت بھی برقرار رہے گی۔ ادائیگی کرنے والے صارفین کو اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے اور ان کا ڈیٹا بھی اشتہارات کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔