آئرلینڈ کے وزیراعظم کا اسرائیل پر کڑا مؤقف: غزہ جنگ کو انسانی وقار پر حملہ قرار دے دیا

اسلام247 : آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو انسانی وقار پر حملہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حمایت پر سنجیدگی سے نظرثانی کریں اور فوری جنگ بندی کو یقینی بنائیں۔

مائیکل مارٹن نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے رکن ممالک کو سوچنا ہوگا کہ وہ مزید کیا کر سکتے ہیں اور بالخصوص وہ ریاستیں جو اسرائیل پر اثر و رسوخ رکھتی ہیں، فوری طور پر اپنا اثر استعمال کریں۔

انہوں نے تنبیہ کی کہ جو ریاستیں اسرائیل کو فوجی امداد فراہم کر رہی ہیں، انہیں اپنے اقدامات کے نتائج اور فلسطینی عوام پر اس کے تباہ کن اثرات پر غور کرنا چاہیے۔

مائیکل مارٹن نے کہا کہ وہ بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال ہوتے دیکھ رہے ہیں، معصوم بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور امدادی سامان سرحد پر سڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ خوراک کی تلاش میں نکلتے ہیں تو گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں اور اسکول، اسپتال، مساجد اور ثقافتی ادارے جان بوجھ کر تباہ کیے جا رہے ہیں۔

آئرش وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ کی انکوائری کمیشن کی اس رپورٹ کی یاد دہانی کرائی جو غزہ کی جنگ کو نسل کشی قرار دیتی ہے اور کہا کہ عالمی برادری کے لیے اب خاموش رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔

انہوں نے فوری جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کارکنوں کو مکمل رسائی دینے کا مطالبہ کیا۔ مائیکل مارٹن نے زور دیا کہ اسرائیل کو غزہ جنگ کی بابت جوابدہ ٹھہرایا جائے — ’’یہ جنگ بغیر کسی احتساب کے نہیں چل سکتی، اس کے ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا۔‘‘

Scroll to Top