اسلام247: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خطاب کے دوران شدید احتجاج کیا گیا اور متعدد ممالک کے نمائندے واک آؤٹ کر گئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جیسے ہی نیتن یاہو نے خطاب شروع کیا تو کئی ممالک کے وفود اپنی نشستوں سے اٹھ کر باہر چلے گئے۔
گزشتہ کئی دنوں سے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی رہنما اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں اور جنگ بندی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) جنگی جرائم کے الزام میں گرفتاری وارنٹ بھی جاری کر چکی ہے۔
اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن نے رواں ماہ اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی ہے۔ رپورٹ میں اسرائیلی قیادت، بشمول وزیر اعظم نیتن یاہو، سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ اور صدر اسحٰق ہرزوگ کو براہِ راست ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔