آئی ایم ایف مشن پاکستان میں تکنیکی مذاکرات کا آغاز کرے گا، اقتصادی صورتحال اور سیلابی نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا

اسلام247 : آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان پہنچ گیا، 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی اگلی قسط کے لیے تکنیکی مذاکرات شروع

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے حوالے سے تکنیکی مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ گیا، جس کے بعد اگلی قسط جاری کی جائے گی۔

    آئی ایم ایف جائزہ مشن اسلام آباد کے بجائے کراچی پہنچا، اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات شروع ہوں گے۔

جائزہ مشن کل اسٹیٹ بینک میں تکنیکی مذاکرات کا آغاز کرے گا، اور آئی ایم ایف دو ہفتے تک پاکستان کی معیشت کا جائزہ لے گا۔ یہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے، اور جائزہ مشن کی رپورٹ کی بنیاد پر اگلی قسط جاری کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد پاکستان کی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لے گا، ساتھ ہی حالیہ سیلاب کا معیشت اور بجٹ اہداف پر اثر بھی جانچے گا۔

واضح رہے کہ آج صبح اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا اور عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، اصلاحات اور مستقبل کی شراکت داری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہ آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں کہا تھا کہ پاکستان بتدریج اپنے آئی ایم ایف پروگرام کے وعدے پورے کر رہا ہے، اور انہوں نے زور دیا کہ آئی ایم ایف ملک کے آئندہ جائزے میں حالیہ سیلابی نقصانات کو بھی مدنظر رکھے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ تعمیری شراکت کو سراہا، جو مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت میں مزید مضبوط ہوئی۔ انہوں نے آئی ایم ایف کی بروقت معاونت پر شکریہ ادا کیا، جس میں 2024 کے لیے 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ، 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (E.F.F) اور 1.4 ارب ڈالر کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (R.S.F) شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 25 ستمبر 2024 کو عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی تھی، جس کے بعد 27 ستمبر 2024 کو آئی ایم ایف سے قرض کی پہلی قسط کے طور پر اسٹیٹ بینک کو 1 ارب 2 کروڑ 69 لاکھ ڈالر موصول ہوئے تھے۔

بعد ازاں، 14 مئی 2025 کو آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی ایک اور قسط کے طور پر 1 ارب 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

Scroll to Top