اسلام247:ایران کی اعلیٰ انسانی حقوق کونسل کے سیکریٹری ناصر سراج نے اسرائیلی حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خاموشی خطے کے ممالک پر صہیونی جارحیت کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کی نائب ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق ندا الناشف کے ساتھ ملاقات کے دوران ناصر سراج نے کہا کہ عالمی ادارے کی بے عملی نے اسرائیل کو مزید گستاخ اور جارح بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ خاموشی اور انسانی حقوق کے دوہرے معیار موجود نہ ہوتے تو نہ ایران اور نہ ہی قطر پر حملے ہوتے اور نہ ہی ان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جاتی۔
یہ بھی پڑھیں:قطر پر اسرائیلی حملہ امریکی و مغربی پشت پناہی کا نتیجہ ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
ناصر سراج نے مزید کہا کہ اسرائیل کے غیر قانونی حملوں کے دوران ایرانی حکام نے عوام کی جان و مال کے تحفظ، ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔ یہاں تک کہ ایوین جیل پر حملے کے بعد قیدیوں کی دیکھ بھال تک کی ذمہ داری ادا کی گئی۔
انہوں نے زور دیا کہ ایرانی عوام نے اس مشکل وقت میں بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جو پوری دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے۔