اسلام247:ایران کے نائب صدر محمدرضا عارف نے کہا ہے کہ جنگ کے ایام میں پاکستان کی طرف سے صرف ایک ہی صدا سنائی دی، جو کہ ایران کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت تھی۔
تہران میں پاکستانی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور دینی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایرانی وفود کا پرتپاک استقبال اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلقات کو موجودہ سطح سے آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے بارہ روزہ جنگ میں پاکستان کے عوام، حکومت اور قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک فلسطین کے مسئلے پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور صہیونی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران اور پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم اور ایکو جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے، ساتھ ہی اقتصادی کمیشن کی فعالیت، سرحدی منڈیوں کے معاہدات پر عملدرآمد اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے پر بھی زور دیا۔
ایرانی نائب صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
پاکستانی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ میں ایران کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کو سراہا اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کو فوری طور پر فعال کرنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق
جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، حالیہ ایرانی اقتصادی اجلاس جس میں 500 سے زائد نجی شعبے کے نمائندے شریک ہوئے، اس تعاون کو مزید تقویت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں مقیم پاکستانی شہری بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔