وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کالعدم بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہناتھا کہ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا مؤقف امریکی انتظامیہ کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ طویل عرصے سے نسلی و لسانی حقوق کے جھوٹے پردے میں معصوم شہریوں کا خون بہاتے رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کسی صورت قابلِ جواز نہیں اور یہ کہ کوئی مقصد بے گناہ شہریوں کے قتل کو درست قرار نہیں دے سکتا۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دنیا کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

دوسری جانب، وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، کلبھوشن اور دیگر شواہد جوپاکستان کی جانب سے دیئے گئے وہ آج ثابت ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا یہ فیصلہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کانتیجہ ہے، جلد ان کالعدم تنظیموں کے سہولت کار بھی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

Scroll to Top