محمد ضیف قابضین کیلئے ہمیشہ ایک ڈراؤنے خواب کی مانند رہیں گے، ابو عبیدہ

فلسطین کی مقاومتی تحریک “حماس” کے عسکری ونگ “القسام بریگیڈ” کے ترجمان “ابو عبیدہ” نے کہا کہ القسام بریگیڈ کے شہید سربراہ “محمد ضیف” کا نام جنگی مجرموں اور قبضہ گروپوں کے لیے ہمیشہ ایک ڈراؤنا خواب بنا رہے گا۔ ابو عبیدہ کا یہ پیغام محمد ضیف کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر سامنے آیا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ محمد ضیف کے بھائی، بیٹے اور چاہنے والے پوری دنیا میں ان کا مشن جاری رکھیں گے۔ محمد ضیف کے پیروکار ہر روز قبضہ گروپوں کو بھاری جانی، مالی اور اسٹریٹجک نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد ضیف کے دشمن، فلسطینی سرزمین پر کبھی سُکھ کا سانس نہیں لے پائیں گے کیونکہ محمد ضیف اور ان کے ساتھیوں نے اپنے خون سے فلسطین کی آزادی کی کتاب کا آخری باب لکھ دیا ہے۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ آج استقامتی محاذ کے اُس عظیم کمانڈر کی شہادت کو ایک سال گزر گیا جس نے آپریشن “طوفان الاقصیٰ” کی قیادت کی اور اپنے مجاہد بھائیوں کے ساتھ مل کر صیہونی رژیم کو تاریخ کا سب سے بڑا جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ 

اِس تاریخی ضرب نے صہیونی رژیم کی دفاعی قوت کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا، امتِ مسلمہ کی تمام طاقتوں کو فلسطین کی آزادی کے لیے متحد کیا، امت کا رُخ فلسطین کی جانب موڑ دیا اور مسئلہ فلسطین کو دوبارہ دنیا کے اہم ترین مسائل میں شامل کر دیا۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ شہید محمد ضیف نے صحابہ کرام اور حضرت امام علی (ع)، خالد، القعقاع، المثنیٰ جیسے اولین مجاہدین و دیگر فاتح کمانڈروں کی یاد تازہ کر دی۔ وہ سالہا سال تک ان نسلوں کے لئے مشعلِ راہ رہا جنہوں نے اسے دیکھا تک نہیں تھا لیکن اس کی فتوحات اور کارناموں پر فخر کرتے تھے۔ ابوعبیدہ نے کہا کہ وہ دیگر عظیم کمانڈروں کی طرح دنیا کے تمام حریت پسندوں کے لیے چراغِ راہ بن کر زندہ رہیں گے۔ محمد ضیف دہائیوں کے جہاد، قربانی، جدوجہد اور تخلیقی حکمت عملی کے بعد اپنی شہادت تک پہنچے تاکہ فلسطینی قوم کے دیگر شہید کمانڈروں اور رہنماؤں سے جا ملیں۔ ان کا اور ان کے بھائیوں کا خون ہمیشہ کے لیے اپنی قوم و امت میں امر ہو گیا۔

Scroll to Top