کسی دوسرے ملک میں پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستان کے آرمی چیف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے راولپنڈی میں اہلِ تشیع مکتبِ فکر کے علما سے ملاقات کی۔ ملاقات کے  دوران اُن کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں کسی دوسرے ملک میں پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

اُنھوں نے آپریشن ’غضبُ لِلحق‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اپنی عوام کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، اور جہاں کہیں بھی پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد اور ان کا نیٹ ورک موجود ہوا، اسے درست اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیوں کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔‘

انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’افغان طالبان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔‘

فیلڈ مارشل کا مزید کہنا تھا کہ ’انتہا پسندی کے خاتمے میں علما کا کردار انتہائی اہم ہے‘ اور ساتھ ہی اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذہبی جذبات کو ملک میں تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل نے اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما کے اہم کردار کو اجاگر کیا، خصوصاً غلط معلومات، فرقہ وارانہ بیانیے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی عدم استحکام کی کوششوں کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے۔

Scroll to Top