حوزہ علمیہ نجف اشرف کی جانب سے شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای (رضوان اللہ علیہ) کی روحِ کے ایصالِ ثواب کے لیے مجلسِ فاتحہ و تعزیت کا انعقاد کیا گیا۔
مسجدِ خضراء میں منعقدہ اس مجلس میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) نے خصوصی شرکت کی۔
ان کے علاوہ حوزہ علمیہ کے اساتذہ، طلباء، بزرگ علمائے کرام، اکابرین، علمی و سرکاری شخصیات اور مومنین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شرکائے مجلس نے شہید کے پسماندگان اور چاہنے والوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی کہ وہ شہیدِ سعید کو اپنی رحمتِ واسعہ کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ اعلیٰ دینی قیادت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای (رضوان اللہ علیہ ) کی شہادت پر ایرانی عوام اور تمام مسلمانوں کو تعزیت پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے ایرانی قوم کو اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے، تاکہ دشمن اور جارح قوتیں اپنے ناپاک اور مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔