چوالیس افغان طالبان دہشتگرد مارے گئے، پاک فوج کے 2جوان شہید ہوئے:عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان افغانستان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی کارروائیوں کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور جاتا رہے گا۔

پاک ،افغان سرحد پر حالیہ صورتحال پر وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جھوٹا و بے بنیاد پرپیگنڈا کیا جارہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انھوں نے کہا کہ خوش فہمیوں پر مبنی ایسی تمام افواہیں خفت مٹانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیں، عملی میدان میں شکست فاش کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پراپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے،افغان طالبان رجیم کو ہر گز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں،اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی کاروائی میں افغان طالبان رجیم کے 44کارندے جہنم واصل ہو چکے،متعدد زخمی ہیں۔

عطا تارڑ کے مطابق وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے جبکہ تین جوان زخمی ہیں، پاکستان نے گزشتہ دنوں خطے بالخصوص پاکستان میں معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائی کی۔

انھوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی فتنہ الخوارج کے دفاع میں پاکستان کے سرحدی علاقوں میں فائرنگ نے افغان طالبان رجیم کی دہشتگردوں کی پشت پناہی کو پوری دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر سے بے نقاب کر دیا، افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہئے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔

Scroll to Top