قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے کالعدم لشکر جھگنوی کے 3 تکفیری دہشتگرد گرفتار کر لیے ہیں۔ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے چکراگوٹھ، کورنگی میں مشترکہ کارروائی کے دوران یاسر عرفات، خدا بخش اور زاہد حسین عرف بارکزئی کو حراست میں لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ کلو بارودی مواد، دس میٹر پرائما کارڈ، تین ڈیٹونیٹر اور ایک کلو بال بیرنگ برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ تقریباً 250 انتہاپسندی پر مبنی کتابیں اور ایک لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان طلبا کو کالعدم تنظیم میں شامل کرنے کے لیے ذہن سازی کرتے اور تعلیمی اداروں میں انتہاپسندی پر مبنی مواد فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ملزمان نے کراچی کے حساس مقامات پر حملے کے لیے بارودی مواد خفیہ ٹھکانوں میں چھپا رکھا تھا، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے برآمد کر لیا گیا۔
ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر کے ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔