اسلام 24/7کے مطابق جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر اور معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے سانحہ مسجد خدیجہ الکبریٰ کے زخمیوں کی عیادت کے لیے پمز اسپتال کا خصوصی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اور شہدا کی قبروں پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی بھی کی۔
علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مسجد خدیجہ الکبریٰ کا بھی دورہ کیا اور واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر تمام مذہبی مقامات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سرگرم کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری اور بلا تفریق کارروائی ناگزیر ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے قومی اتحاد اور سیاسی و مذہبی قیادت کا مشترکہ لائحہ عمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ “بے گناہ نمازیوں پر حملہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ریاست کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔”