روس، چین، ایران اور کیوبا کے ساتھ اقتصادی تعلقات ختم کرو، امریکا کا وینزویلا سے سخت مطالبہ

امریکا نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وینزویلا مزید تیل نکالنا چاہتا ہے تو اسے روس، چین، ایران اور کیوبا کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات ختم کرنے ہوں گے۔

اے بی سی  نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے مطالبہ کیا ہے کہ وینزویلا کو صرف امریکا کے ساتھ تیل کی پیداوار میں شراکت کرنی چاہیے اور خام تیل کی فروخت میں امریکا کو ترجیح دینی چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کی رات ایک آپریشن کے دوران امریکی کمانڈوز نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو اغوا کر لیا، جسے وینزویلا نے اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا ہے کہ امریکی کمپنیوں کو وینزویلا کی تیل صنعت تک رسائی حاصل ہوگی، جسے انہوں نے مادورو کے سابقہ دورِ حکومت میں “ناانصافی سے قومی ملکیت” کہا تھا۔

منگل کو ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ’عبوری حکام‘ وینزویلا کے 30 سے 50 ملین بیرل تیل واشنگٹن کے کنٹرول کے تحت بیچنے کے لیے سپرد کریں گے۔

وینزویلا کے عبوری صدر کا حلف اٹھانیوالی ڈیلسی روڈریگز نے اعلان کیا کہ نہ تو امریکا اور نہ ہی کوئی دوسرا ’غیر ملکی ایجنٹ‘ وینزویلا پر حکمرانی کرے گا۔

کاراکس میں حکام نے مادورو اور فلورس کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، جو نیویارک کی عدالت میں منشیات اور ہتھیاروں سے متعلق عائد الزامات کی صحت سے انکار کرچکے ہیں۔

وینزویلا کے پروسیکیوٹر جنرل طارق سعاب نے کہا ہے کہ اعلانِ جنگ یا اقوام متحدہ کی قرارداد کے بغیر امریکی فوجی آپریشن دہشت گردانہ نوعیت کی غیر قانونی مسلح جارحیت ہے۔

روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مادورو کے اغوا کو ’ایک ظالمانہ جرم‘ قرار دیا جبکہ چینی مندوب سن لی نے بھی امریکی فوجی مداخلت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں امن اور سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

Scroll to Top