مالی اور برکینا فاسو نے امریکا کی جانب سے ان کے شہریوں پر لگائی گئی سفری پابندیوں کے جواب میں امریکی شہریوں کیلئے سفری پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔
ان پابندیوں کے تحت امریکا سے آنے والے افراد کو وہی پابندیاں اور شرائط درپیش ہوں گی جو امریکی حکومت نے ان کے شہریوں پر عائد کی ہیں۔
مالی اور برکینا فاسو کی حکومتوں نے گذشتہ روز اعلان کیا کہ انہوں نے یہ قدم ’مساوات کے اصول کے تحت‘ اٹھایا ہے۔
مالی کے وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ وہ اس فیصلے پر افسوس کرتے ہیں کہ یہ بغیر کسی پیشگی مشاورت کے لیا گیا اور اس کے جواز کے طور پر دی گئی سیکیورٹی وجوہات زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔
یہ پابندیاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 14 دسمبر 2025 کو برکینا فاسو، مالی، نائیجر، ساؤتھ سوڈان اور شام کے شہریوں پر عائد کی گئی سفری پابندیوں کے ردعمل میں ہیں، ان کے علاوہ لاؤس اور سیرالیون کے لیے نئی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں اور فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ سفری دستاویزات رکھنے والے افراد پر بھی محدود پابندیاں عائد کی گئی ہیں،اب امریکی پابندیوں کی فہرست میں 19 ممالک شامل ہیں۔