ایران کی پیٹروکیمیکل صنعت میں بڑی کامیابی؛ پیداواری صلاحیت 131.5 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی

نیشنل پیٹروکیمیکل کمپنی کے سربراہ حسن عباس زادہ نے پیٹروکیمیکل انڈسٹری کے سرمایہ کاروں کے پہلے سربراہی اجلاس میں صنعت کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ساتویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت ایران کی پیٹروکیمیکل پیداوار کو 131.5 ملین ٹن تک لے جانے کے لیے 26 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں سے 13 ارب ڈالر پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ عباس زادہ نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت شروع کیے گئے پیٹروکیمیکل پروجیکٹس اوسطاً 60 فیصد مکمل ہو چکے ہیں۔

نائب وزیرِ پٹرولیم نے صنعت کی سالانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایرانی سال کے دوران ساتویں ترقیاتی منصوبے کے پہلے سال کے اہداف 100 فیصد حاصل کر لیے گئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں ایرانی سال کے پہلے چھ ماہ (21 مارچ سے 22 ستمبر) کے دوران پیٹروکیمیکل صنعت کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش رہی ہے۔ حسن عباس زادہ کے مطابق، سال کے اختتام تک نئے منصوبوں کے آپریشنل ہونے سے ایران کی مجموعی پیٹروکیمیکل پیداواری صلاحیت میں تقریباً 7 ملین ٹن کا بڑا اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔

ایران کی پیٹروکیمیکل انڈسٹری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور خام مال کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری، ملکی زرِمبادلہ میں اضافے کا باعث بنے گی۔

Scroll to Top