مشہور سائبر گروپ حنظلہ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کے چیف آف اسٹاف تزاحی براورمن کے فون تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے براورمن کا آئی فون 16 پرو میکس ہیک کر لیا ہے اور یہ رسائی صرف ابھی کی نہیں بلکہ وہ برسوں سے اس نظام کے اندر موجود ہو کر تمام خفیہ بات چیت سن رہے ہیں۔
حنظلہ نے اپنے پیغام میں نتن یاہو کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سیکیورٹی کی ہر بات اور وہ تمام راز جن تک براورمن کو رسائی حاصل تھی، اب ہمارے پاس ہیں۔ ہم ہر چیز تک پہنچ چکے ہیں؛ انکرپٹڈ چیٹس، خفیہ معاہدے، اخلاقی و مالی بدعنوانیاں، طاقت کا ناجائز استعمال اور بھتہ خوری کی تمام تفصیلات ہمارے پاس محفوظ ہیں۔
گروپ نے مزید لکھا کہ بی بی گیٹ ابھی صرف آغاز ہے۔ آپ کے رازوں کا رکھوالا گر چکا ہے اور اب رازداری کا دور ختم ہوا۔ حنظلہ نے ان لوگوں کو بھی وارننگ دی جو نجی طیاروں میں اڑتے ہوئے یہ سمجھتے ہیں کہ بلندی اور بادلوں کی اوٹ میں ان کی گفتگو محفوظ ہے، ہم ہمیشہ سن رہے ہوتے ہیں، کوئی بھی بلندی یا نجی جیٹ ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہے۔
آخر میں گروپ نے نتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے ایک خوفناک پیغام دیا اور کہا کہ ہم ہمیشہ سے اندر ہی موجود تھے۔ ہم آپ کے ذہن کے اندر موجود ایک سایہ ہیں۔ یہ ہم فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ کو کب اور کس چیز سے ڈرنا چاہیے۔